اسلام آباد ( یو این آئی نیوز ) :
پنجاب میں 20 نشستوں پر بڑا انتخابی معرکہ سجنے کو تیار، ووٹنگ میں صرف ایک دن باقی ، الیکشن کمیشن اور حکومت نے اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے ،
واضح رہے کہ پنجاب کی 20 صوبائی نشستوں پر ضمنی انتخا ب میں مجموعی طو ر پر 175امیدوار حصہ لے رہے ہیں ۔20صوبائی حلقوں کے مجموعی طوپر ووٹرز کی تعداد 45لاکھ 96ہزار 8سو 73 ہے ۔ کل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 3140ہے ، کل پولنگ بوتھوں کی تعداد 9528ہے ۔ جہاں پر کل 3149پریزائڈنگ افسران کو تعینات کئے گئے ہیں اسسٹنٹ پریزائڈنگ کی تعداد 8ہزار 749بتائی جاتی ہے ۔
تمام حلقوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے اہلکار لاء اینڈ آرڈر کو یقینی بنانے کے لیے ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پریذائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ پولنگ کے دن فارم 45 کی تصویر کھنچتے وقت موبائل پر اپنی لوکیشن آن رکھیں گے مزید وہ پولنگ ایجنٹس کے سامنے فارم 45کی صاف اور واضح تصویر لیں گے اور فوراً ریٹرننگ افسران کو وائٹس ایپ پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں بھیجیں گے۔ ریٹرننگ افسر ان تصویر اور لوکیشن کی تفصیلات کا جائزہ لے گا اور پریذائیڈنگ افسران کے موبائل پر موجود لوکیشن اور وقت کی تفصیلات کی تصویر اپنے موبائل میں حاصل کریں گے اور ان فرانزک(Forensic) تفصیلات کو اپنے آفس میں کمپیوٹر میں محفوظ کریں گے۔
الیکشن کمیشن نے ہدایات دی ہیں کہ ہر امیدوار اپنے پولنگ ایجنٹس کی تربیت کو یقینی بنائے اور آگاہ کرے کہ کوئی بھی پولنگ ا یجنٹ پریذائیڈنگ افسر کا دستخط شدہ فارم 45 وصول کیے بغیر پولنگ اسٹیشن نہ چھوڑے۔ ہر پریذائیڈنگ افسر متعلقہ پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 کی دستخط شدہ کاپی پولنگ اسٹیشن پر ہی مہیا کرنے کا پابند ہو گا۔ ریٹرننگ افسران نے خصوصی کنٹرول رومز قائم کئے ہیں جو پولنگ کا عمل شروع ہونے سے ابتدائی نتائج کے مرتب ہونے تک کام کرتے رہیں گے ان کنٹرول رومز میں ریٹرننگ افسر ان کے علاوہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر ز، پولیس، رینجرز اورپاک فوج کے حکام یاان کے نمائندگان موجود رہیں گے تا کہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے الیکشن کے دن کسی بھی نوعیت کی شکایت کو نمٹانے کے حوالے سے سنٹرل اور صوبائی سطح پر الگ الگ کنٹرول روم قائم کر دیئے ہیں جو پولنگ کے دن صبح 7:00 بجے سے ابتدائی نتیجہ مرتب ہونے تک بلاتعطل کام کرتے رہیں گے۔ جن کے نمبرزاور ای میل ایڈریس درج ذیل ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہاہے کہ پنجاب ضمنی انتخاب 17جولائی کو ہونے ہیں جس کیلئے الیکشن مہم کا وقت15اور 16جولائی کے رات 12 بجے ختم ہو گیا ۔ آج کوئی امیدوار اپنے حلقہ میں انتخابی مہم نہیں چلا سکتا بصورت دیگر قانون کی خلاف ورزی پر الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 182 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔