وفاقی کابینہ کی جانب سے عدم اعتماد سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار، طیبہ گل اسکینڈل پر انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ،

اسلام آباد ( یو این آئی نیوز):
وفاقی کابینہ نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی۔جبکہ طیبہ گل اسکینڈل پر انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے اور سپریم کورٹ کے تحریک عدم اعتماد سے متعلق تفصیلی فیصلے کا جائزہ لیا گیا۔

کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے آئین کا تحفظ یقینی ہوا، سپریم کورٹ کا ڈپٹی اسپیکر رولنگ سے متعلق کیس کا فیصلہ قابل ستائش اور سنگ میل ہے۔

بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے غداری کے مقدمے سے متعلق وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں آئندہ کے اقدامات پر تجاویز دے گی، کمیٹی میں وزیر اطلاعات، قمر زمان کائرہ اور تمام اتحادی جماعتوں سے ایک ایک ممبر شامل ہو گا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا سابق حکومت نے ہمارے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں، حکومت نے دل پر پتھر رکھ کر پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا لیکن جیسے جیسے پیڑول کی قیمتیں عالمی سطح پر کم ہوں گی، ہم عوام کو ریلیف دیں گے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آئی ایم ایف سے معاہدے پر وزارت خزانہ اور وزیر خارجہ کے کردار کو سراہا گیا، وفاقی کابینہ کا مؤقف ہے کہ ملک تب ترقی کرے گا جب معیشت بہتر ہو گی، حکومت نے ایسا بجٹ پیش کیا ہے جس سے عام عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر غیر ملکی باشندوں کو ایمنسٹی کی منظوری بھی دے دی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت نے طیبہ گل اسکینڈل پر انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ طیبہ گل کے معاملے پر آزاد اور شفاف انکوائری کمیشن بنایا جائےگا، اس گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ طیبہ گل نے سابق چیئرمین نیب کے خلاف شکایت کی تھی، حکومت کی جانب سے شفاف انکوائری کے تحت سب کچھ عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ طیبہ گل کو 18 دن اغوا کرکے پی ایم ہاؤس میں رکھا گیا، پی ایم پورٹل پر خاتون نے شکایت درج کرائی تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے طیبہ گل اسکینڈل پر چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا۔پی ٹی آئی حکومت چیئرمین نیب کو بلیک میل کرکے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرتی رہی۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز طے کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر اہم قرارداد پاس کی گئی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

کابینہ اجلاس میں گندم درآمد کی منظوری دی گئی ،مریم اورنگزیب نے کہا کہ کابینہ نے 3 ملین ٹن گندم کی درآمد کی منظوری دی ہے، گندم عالمی منڈی میں گرتی ہوئی قیمت کے مطابق درآمد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ لگژری آئٹم جو بندرگاہوں پر پابندی لگانے کے 2 ہفتوں میں آئی ان پر5 فیصد جرمانہ ہوگا،

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ لاپتہ افراد کمیشن سے بھی جاوید اقبال کیخلاف شکایات آئیں، ان شکایات کو بھی انکوائری کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں