اسلام آباد ( یو این آئی ):پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس میں قومی احتساب ترمیمی بل 2023 منظورکرلیا گیا۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے اس حوالہ سے بل ایوان میں پیش کرنے کی اجازت چاہی، سپیکر کی جانب سے اجازت ملنے پرانہوں نے بل ایوان میں پیش کیا۔
انہوں نے کہاکہ ایک جماعت کہہ رہی ہے کہ یہ این آراو ہے، اگریہ این آراوہے توصرف اسی جماعت کیلئے ہے۔صدر مملکت کاتعلق بھی اسی جماعت سے ہے اور انہوں نے یہ بل بغیر دستخط کے واپس بھیج دیا ہے۔عدالتی احکامات کے مطابق یہ ترامیم کی جا رہی ہیں۔
وزیر قانون نے کہا کہ قانون سازی پرکوئی فرد یا ادارہ قدغن نہیں لگا سکتا، صدر نے اعتراض اٹھایا ہے کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اس لئے اس پرقانون سازی نہیں ہو سکتی،صدرمملکت پارلیمان کاحصہ ہے مگرانہیں پارلیمان کے قوانین کا علم نہیں ،جو ترامیم کی جا رہی ہیں وہ ضروری ہیں۔ انہوں نے یہ بل ایوان میں پیش کر دیا، ایوان نے بل کی کثرت رائے سے شق وارمنظوری دیدی۔
اجلاس میں بل کی منظوری کے دوران سینیٹر مشتاق احمد خان کی طرف سے پیش کردہ ترامیم کو مسترد کر دیا گیا۔