راولپنڈی :- ڈی ایچ اے پیراگون ڈیویلپرز جے وی نے جی ٹی روڈ پر عظیم الشان رہائشی وشاپنگ مال ”اورم ون” منصوبے کاآغازکردیا۔ منصوبے کی افتتاحی تقریب ڈی ایچ اے اسلام آباد میں منعقدہوئی جس میں ڈی ایچ اے اور پیراگون آفیشلز، رئیل سٹیٹ ڈیلرزاورعوام کی کثیرتعداد نے شرکت کی،
اس موقع پرمحفل موسیقی کااہتمام بھی کیاگیا جس میں معروف گلوکار راحت فتح علی خان کے نغموں، غزلوں اورقوالی سے شرکاء نے خوب لطف اٹھایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی اسلام آباد بریگیڈیئر محمدجواد نے کہاکہ آج کا دن ڈی ایچ اے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ ہم انتہائی قابل اعتماد پارٹنر پیراگون ڈیوپلپرز کیساتھ مل کر ایک منفرد منصوبہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ڈی ایچ اے ہائوسنگ کی دنیا میں انقلاب برپا کرنے کیساتھ سپورٹس اورکمیونٹی ویلفیئرکے شعبوں میں بھی بھرپورکردار اداکررہاہے۔
پیراگون کے گروپ چیئرمین آفتاب صدیقی نے کہاکہ جو سفر اکتیس سال پہلے شروع ہوا، 2014 ء سے اب تک اسلام آباد میں بڑے بڑے منصوبے مکمل کیے جاچکے ہیں۔ اب ڈی ایچ اے کے اشتراک سے’ اورم ون’ کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہمارا منصوبہ ایسا ہے کہ اسلام آباد میں اس سے پہلے ایسا کوئی منصوبہ نہیں۔اورم ون 2 ٹاورز پر مشتمل 35 منزلہ عالمی معیار کے مطابق جدید رہائشی پارٹمنٹس اور شاپنگ مال بلند وبالا عمارت ہوگی۔ جی ٹی روڈراولپنڈی پر یہ ایک مثالی منصوبہ ہے۔
سی ای او پیراگون کنسٹرکٹرمس انعم صدیقی نے کہاکہ پیراگون ڈیویلپرز پرائیویٹ لمیٹڈ ملک کی معروف کمپنی ہے جس نے تعمیراتی شعبے میں متعدد اہم منصوبے مکمل کیے۔ کراچی میں شاندار کامیابیوں کے بعد اب ڈی ایچ اے کے اشتراک سے اسلام آباد میں اپنے میگا پراجیکٹ ”اورم ون” شروع کر رہے ہیں جو کہ لگژری رہائش کا ایک مثالی منصوبہ ہوگا۔اس موقع پر شرکاء کو منصوبے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیاگیا اوربتایاگیاکہ منصوبے کی بکنگ کیلئے درخواستوں کی وصولی کاآغاز کردیاگیاہے۔
