مہنگے ہوائی ٹکٹ‌ پاکستانی طلبہ کا چین جانا مشکل ہو گیا ، سینکٹروں‌طلبہ کا تعلیمی مستقبل خطرے سے دوچار.

اسلام آباد ( یو این آئی نیوز):ساڑھے پانچ لاکھ کی ٹکٹ،قرنطینہ کا خرچ علیحدہ، طلبا چین واپس کیسے جائیں گے؟چین کی جانب سے طلبا اور بزنس کارڈ کے حامل افراد کو چین میں داخلے کی اجازت تو مل گئی مگر اس کے ساتھ ہی ملک میں ہوائی سفر کیلئے ٹکٹ اس قدر مہنگی ہو گئی ہے کہ طلبا تو درکنار عام کاروباری شخص جو اہلخانہ کے ہمراہ چین جانے کا خواہشمند ہے اس کے لیے بھی مشکل ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وبا کے پھیلاؤ کے بعد 2020 میں چین سے پاکستانی طلبا واپس آ گئے تھے تاہم انہیں دوبارہ چین میں داخلے کی اجازت نہیں مل رہی تھی۔ اب جب کہ چینی حکومت نے داخلے کی اجازت دی ہے تو ٹکٹوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔

ذرائع کے مطابق چین کیلئے ہوائی سفر پہلے کی نسبت کئی سو گنا مہنگا ہو گیا ہے۔ کورونا سے قبل پاکستان سے چین کی ٹکٹ 50 ہزار روپے یا اس سے کچھ زائد کی ملتی تھی۔ تاہم اجازت ملنے کے بعد اب چین کی ٹکٹ 5 لاکھ 50 ہزار روپے کی مل رہی ہے۔طلبا کے مطابق اب ان کے لیے چین جانا بے حد مشکل ہو گیا ہے کیونکہ چین پہنچنے پر انہیں 10 روز کسی ہوٹل میں قرنطینہ بھی کرنا ہوگا جس کے تمام اخراجات طالب علم کو خود اٹھانا ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اس قرنطینہ پر 3 لاکھ سے زائد کا خرچہ آتا ہے۔طلبا فضائی ٹکٹوں کی قیمت میں اس ہوشربا اضافے سے شدید پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک طالب علم تو دور اس قدر مہنگے سفر کے بعد تو کسی عام کاروباری شخص جو کہ اہلخانہ کے ہمراہ جانا چاہتا ہے اس کیلئے بھی مشکل ترین ہو گیا ہے۔یاد رہے کہ چین کے سفارتخانے نے اپنی ویب سائٹ پر اپنے ملک میں طویل عرصے تک تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلبا کیلئے ویزے کھولنے اور بزنس کارڈ رکھنے والوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔

سفارتخانے نے کہا ہے کہ چین میں طویل عرصے تک تعلیم حاصل کرنے والے بین الاقوامی طلبہ ویزا فارم کے ذریعے سٹوڈنٹ ویزا کی درخواست دے سکتے ہیں اور نئے طلبہ داخلے کا نوٹس جبکہ پہلے سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ چین واپسی کا اجازت نامہ حاصل کرسکتے ہیں۔

ویزا درخواست کی نئی پالیسی کے تحت تجارتی سفر کا کارڈ رکھنے والے غیر ملکی اور تعلیم کیلئے اقامتی اجازت نامے رکھنے والے طلبہ کو چین میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ جس کے لیے اگست میں این او سی جاری ہونا شروع ہو گئے تھے۔ اجازت ملنے کے بعد ابتدائی ایام میں ٹکٹیں سستی تھیں تاہم اب ان کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں