اسلام آباد( یو این آئی نیوز) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول کا معاہدہ طے پا گیا، باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے،آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو آئی ایم ایف سے سواارب ڈالر قرض کی اگلی قسط موصول ہوگی،
پاکستان کو آئی ایم ایف سے اگلی دو قسطیں ایک ساتھ ملنےکاامکان ہے، قرض پروگرام کو جولائی 2023تک توسیع دینے کا بھی اعلان کیا جائیگا۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق معاہدے کا اعلان آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بھی ہو سکتا ہے‘ آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستان کیلئے ایک ارب 20کروڑ ڈالر کی قسط جاری کی جائے گی، آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستان کیلئے قرض پروگرام ایک ارب ڈالر بڑھا دیا جائے گا‘
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان پہلے ہی آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری کیلئے تمام پیشگی شرائط مکمل کرچکا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام ٹریک پر آنے سے عالمی بینک اورایشیائی ترقیاتی بینک سمیت دیگر ڈونرز سے بھی رکی ہوئی فنانسنگ ملنا شروع ہو جائے گی۔ ایک سرکاری عہدیدارنے آئی ایم ایف کیساتھ اسٹاف لیول معاہدےکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاہے کہ بورڈکی منظوری کے بعد اگست میں پاکستان کو ایک ارب 20کروڑ ڈالر کی قسط مل جائے گی۔