اسلام آباد: (یو این آئی نیوز):
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے اوپرامریکا نے چوروں کے ٹولے کومسلط کیا ہے، اگریہ رہ گئے توسب سے پہلے جمہوریت ختم ہو گی، یہ پاکستان کے انصاف کا نظام تباہ کر رہے ہیں، اگر یہ حکومت رہ گئی تو دشمن سے زیادہ ملک کا نقصان کریں گے، اگر اپوزیشن لیڈر لوٹا راجہ ریاض ہو گا توسمجھ لیں جمہوریت ختم ہو گئی۔ جب ادارے تباہ ہوں تو ملک تباہ ہو جاتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے لیبر ونگ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج مزودوروں کو پیغام دینا چاہتا ہوں، کورونا کے دوران پوری دنیا میں لاک ڈاؤن کیا گیا، اپوزیشن کو دیہاڑی دار طبقے کی فکرنہیں تھی، جب ان سے پوچھا دیہاڑی دار طبقے کا کیا بنے گا مجھے ایک دفعہ سوال کا جواب نہیں دیا گیا، اپوزیشن نے کہا اگرعمران لاک ڈاؤن نہ کرے تو مقدمہ درج کیا جائے، پوری دنیا نے اعتراف کیا کورونا کے دوران پاکستان نے معیشت کوبچایا۔ چینی شہروہان میں مکمل لاک ڈاؤن تھا، مجھ پراپوزیشن نے لاک ڈاؤن کرنے کا پریشرڈالا، جب وزیراعظم تھا تو بار بار کہا اگر پورا ملک لاک ڈاؤن کیا تو دیہاڑی دارکا کیا بنے گا۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت کی طرح لاک ڈاؤن نہیں کیا، بھارت میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہوا، ہم نے کورونا کے دوران کنسٹریکشن، ٹیکسٹائل سیکٹر کو بند نہیں کیا، اللہ نے خاص کرم کیا ہماری معیشت نے 6 فیصد گروتھ کیا۔ ہماری حکومت نے کورونا کے دوران ڈیڑھ کروڑ خاندانوں کو 12 ہزار کیش دیئے، دنیا نے ہماری حکومت کے احساس پروگرام کومانا، جس حکومت کو کہتے تھے اہل نہیں ہم نے اپنی معیشت اورغریبوں کو بچایا، پاکستان کی واحد حکومت ہے جس نے غریب مزدوروں کے لیے پناہ گاہیں بنائیں۔ پناہ گاہوں میں مزدوروں کوصبح وشام کھانا ملتا تھا.