فننشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کا اجلاس شروع ،پاکستان کا نام گرے لسٹ نکلنے کے امکانات روشن ہوگئے .

اسلام آباد (یو این آئی نیوز)فننشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کا اجلاس آج سے جرمنی کے شہر برلن میں شروع ہو گیا ، پاکستان کا نام گرے لسٹ نکلنے کے امکانات روشن ہوگئے ،پاکستان کے معاملات پر15 اور 16 جون کو بحث ہوگی۔

وزیرمملکت برائے امورخارجہ حنا ربانی کھرکی زیرقیادت پاکستانی وفد جرمنی پہنچ گیا ، وفد میں وزارت خارجہ ، خزانہ اور دیگرمتعلقہ سینئر حکام شامل ہیں۔

پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے 27 میں سے 26 نکات پر عملدرآمد مکمل کر لیا، مودی سر کار نے پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی کوشش کی لیکن پاکستان نے اس سازش کو ناکام بنا دیا۔

سپیشل سیل نے دن رات کام کر کے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسگ روکنے کے لیے موثر لائحہ عمل مرتب کیا جس سے بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ پر قابو پانے میں کامیابی ملی۔ منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئے 7 میں سے 4 پوائنٹس پر بھی نمایاں پیشرفت ہوئی اورانٹی منی لانڈرنگ ایکٹ، فارن ایکسچینج ریگولیٹری ایکٹ میں ترامیم کی گئیں، حوالہ اور ہنڈی نیٹ ورکس کے خلاف موثر فوری کارروائی بھی کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 15 اور 16 جون کو بحث کے بعد 17 جون کو پلینری میں کئے گئے فیصلوں کا اعلان ہوگا، حکومتی ہی نہیں بلکہ دیگر حلقے بھی پرامید ہیں کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔

حکام کے مطابق پاکستان کو فہرست سے نکلنے کے لیے ترکی، چین اور ملائیشیا کے ووٹ درکار ہیں اور تینوں ممالک نے پاکستانی حکام کو اس مقصد کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اسی لیے اب موجودہ اجلاس میں پاکستان کے فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں