اسلام آباد ( یو این آئی نیوز): پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے ڈرائیور کی گرفتاری کا معاملہ، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آباد کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے بنی گالا پر چھاپے سے روک دیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ نے سعودی عرب سے آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر سے ٹیلیفون پررابطہ کیا اور شہباز گل کیس سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔
آئی جی نے وزیر داخلہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کی جانب سے مزید ریمانڈ نہ دیے جانے اور انھیں جیل بھیجنے کے علاوہ ڈرائیور کی بیوی کی ضمانت کی منظوری سے آگاہ کیا اور تحقیقات میں تیزی کے لیے ڈرائیور کی گرفتاری پر زور دیا ، ذرائع کے مطابق آئی جی نے اس سلسلے میں وزیر داخلہ سے بنی گالا میں چھاپے کی اجازت چاہی جو انھیں نہ مل سکی اور وزیرداخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو شہباز گل کے ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے بنی گالا پر چھاپے سے روک دیا۔
ذرائع کا مزید بتانا تھا کہ وزیر داخلہ نے شہباز گل کے ڈرائیور کی بیوی کی گرفتاری پر بھی آئی جی اسلام آباد سے ناراضگی کا اظہار کیا۔
