14 اگست کوہماری حکومت ختم ہو جائے گی،وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد (یو این آئی ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہو جائے گی،آئندہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا

نواز شریف کی قیادت میں پنجاب ایجوکیشن اینڈوومنٹ فنڈ کا قیام2008ءمیں عمل میں لایا گیا،جدید تعلیم کے ذریعے ہی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ممکن ہے

وزیراعظم نے بتایا کہ آج آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہے،دعا کریں کہ آئی ایم ایف میں ہمارے پروگرام کی منظوری ہو جائے،یہ لمحہ فخریہ نہیں لمحہ فکریہ ہے۔

ایک وقت تھا جب ہم ہمسایہ ممالک سے مقابلہ کرتے تھے،آج ہم جگہ جگہ پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کیلئے ادھار مانگ رہے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ انڈوومنٹ فنڈز سے 4 لاکھ 50 ہزار بچوں اور بچیوں کو تعلیمی وظائف دیئے گئے

آج ان میں سے ہزاروں ڈاکٹرز اور انجینئرز بن چکے ہیں۔کوشش رہی ہے کہ انڈوومنٹ فنڈ کو 2 سے بڑھا کر 5 ارب کردوں،خواہش ہے آئندہ 10 سال میں 140 ارب تعلیم کیلئے مختص ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ جب ملک سے باہر تھا تو ڈاکٹرامجد ثاقب سے تعلیم پر گفتگو کی،تعلیم کے ذریعے ہی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ممکن ہے،غریب گھرانوں کے بچے تعلیم کے حصول کے لئے مالی وسائل سے محروم ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین نے پاکستان کی ہرمشکل میں مدد کی،ہم چینی قیادت کے مشکور ہیں،وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دوست ممالک نے مشکل وقت میں مالی مدد کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں ہماری حکومت کی مدت14اگست کوختم ہوجائےگی اور اکتوبر نومبر میں جب بھی الیکشن ہوتے ہیں، الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ شادیانے بجانے والی بات نہیں ہے، یہ حکومت وقت، سیاستدانوں، جرنیلوں اور ججز سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ جن کی قسمت میں اللہ نے لکھ رکھا ہے کہ وہ اپنی کوششوں سے ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں

یہ ان سب کے لیے اور میرے لمحہ فکریہ ہے کہ کیا وجہ ہے کہ ہمسایہ ممالک ہم سے بہت آگے چلے گئے جب کہ ایک زمانہ تھا کہ ہم ان کے ساتھ مقابلہ کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ کل بھی میں نے کہا کہ 80 اور 90 کی دہائی تک ہم ٹیکسٹائل کے شعبے میں ان سے آگے تھے، ہمارے روپے کی قدر ان سے زیادہ تھی، آج کوئی مقابلہ نہیں ہے، یہ ایسی تکلیف ہے کہ رات کو بھی نیند نہیں آتی لیکن قوموں پر جب تکلیف و مشکلات آتی ہیں تو پھر وہ اپنی کمر کستی ہیں اور فیصلہ کرتی ہیں کہ ہم نے حالات و مشکلات کا مقابلہ کرنا ہے اور اپنا مقام حاصل کرکے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں