اسلا م آباد(یو این آئی )ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ ملک میں مارشل لا لگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل ڈی جی نے کہا کہ فوج آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں متحد ہے اور رہے گی، اندرونی اور بیرونی پروپیگنڈوں کے باوجود فوج متحد ہے اور رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ فوج میں کسی نے استعفی نہیں دیا اور نہ ہی کسی نے کوئی حکم عدولی کی۔ پاک فوج کو تقسیم کرنے کا خواب خواب ہی رہے گا، آرمی چیف، عسکری قیادت جمہوریت پریقین رکھتی ہے، سپہ سالار اور عسکری قیادت جمہوریت کو سپورٹ کرتی ہے اور کرتی رہے گی، ملک میں مارشل لاکا کوئی سوال ہی پیدانہیں ہوتا۔
خیال رہے کہ یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں گرفتار کیا گیا تھا اور ملک بھر میں پر تشدد مظاہرے ہوئے تھے، اسی دوران پر تشدد مظاہروں میں سکیورٹی اداروں کی بلڈنگز کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔