اسلام آباد ( یو این آئی رپورٹ)وزیراعظم عمران خان کا اہم وفاقی وزراء کے ہمراہ انٹر سروسز انٹیلی جنس سیکرٹریٹ اسلام آباد کا دورہ ۔ افغانستان کی صورتحال سمیت اہم قومی معاملات پر بریفنگ ،پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر وزیر اعظم کی جانب سے اطمینان کا اظہار۔ وزیر اعظم آفس کے ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے آئی ایس آئی سیکرٹریٹ پہنچنے پر وزیر اعظم ، آرمی چیف اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم کو افغانستان کی صورتحال، قومی سلامتی اور علاقائی امور پرایک جامع بریفنگ دی گئی اور ان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ بریفنگ میں افغانستان کی صورتحال پر خصوصی توجہ دی گئی ۔ وزیراعظم نے قومی سلامتی، ملکی استحکام اور خوشحالی کے لیے انٹر سروسز انٹیلی جنس کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پیشہ ورانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
