وقت آ گیا ہے کہ احتیاطی صحت کے نظام پر توجہ دی جائے۔ صدر عارف علوی

کراچی ( یو این آئی نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان ڈاکٹروں کے بیرون ملک ملازمتوں کے لیے ملک چھوڑنے کا متحمل نہیں ہو سکتا ملک میں صحت کے شعبے میں تقریبا 9 لاکھ نرسوں کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستان آرتھوپیڈک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 34ویں انٹرنیشنل پاک آرتھوکون 2021 کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے صحت کے ماہرین پر زور دیا کہ وہ طبی پیشہ ور افراد کی تربیت کے دورانیے کو کم کریں تاکہ عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ ڈاکٹروں اور نرسوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے ۔عارف علوی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ احتیاطی صحت کے نظام پر توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں زیادہ تر بیماریوں کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ لوگ فٹنس پر توجہ نہیں دیتے، بیماریوں سے بچائو کو یقینی بنانے کے لیے عوام میں فٹنس کے حوالے سے بھی آگاہی پیدا کی جائے۔صدرمملکت نے کہا کہ لوگوں کو غیر ذمہ دارانہ طریقے سے کھانے سے پرہیز کرنا چاہیے اور جسمانی سرگرمیوں کو اپنانا چاہیے۔قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں پاکستان آرتھوپیڈک ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر غلام مصطفی قائم خانی نے کہا کہ ملک میں اموات کی بڑی وجہ ٹراما ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے قیام کے بعد سے آرتھوپیڈک ایسوسی ایشن کے ممبران کی تعداد 1300 سے زائد آرتھوپیڈک سرجنز تک پہنچ چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں