حکومت ملکی ٹی ویٹ سیکٹر کی کوالٹی کو بین الاقوامی شناخت کے معیار تک لانے کے لئے پر عزم ہے ۔ شفقت محمود

اسلام آباد ( یو این آئی نیوز ) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے ملکی پبلک اور پرائیویٹ ٹی ویٹ سیکٹر کی ایکریڈیشن کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل عامر رمضان، چیئرمین نیوٹیک سید جاوید حسن اور چیئرمین نیشنل ایکریڈیشن کونسل میاں وقاص سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے چیئرمین نیوٹیک کو ہدایات دیں کہ وزیر اعظم پاکستان کی سکیم سے صرف ان ٹی ویٹ اداروں کو فنڈنگ اور مراعات دی جائیں جو نیشنل ایکریڈیشن کونسل اور نیوٹیک سے ایکریڈیٹڈ ہونگی اور انکا سرٹیفیکٹ رکھتی ہونگی۔ وفاقی وزیر نے کہا پبلک اور پرائیویٹ ٹی ویٹ سیکٹر کی قومی سطح پر ایکریڈیشن حکومت کے اہم منصوبوں میں سے ایک ہے جس سے پبلک اور پرائیویٹ ٹی ویٹ سیکٹر میں صحت افزا کمپیٹیشن کا رجحان فروغ پائے گا اور ٹی ویٹ سیکٹر کی کارکردگی میں بہت بہتری آئے گی۔
چیئرمین نیشنل ایکریڈیشن کونسل نے وفاقی وزیر کو ایکریڈیشن پراسس کی پیشرفت پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا اسوقت تک کونسل 450 پبلک اور پرائیویٹ اداروں کو ایکریڈٹ کر چکی ہے جبکہ 100سے زیادہ اداروں کو معیار پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے رد کیا جا چکا ہے۔ ٹی ویٹ اداروں کے معیار کو پرکھنے کے لئے کونسل نے ‘اے سے ڈی’ تک 4 کیٹیگریز کو متعارف کرایا ہے۔ برٹش کونسل اس حکومتی منصوبے میں ایمپلیمینٹنگ پارٹنر کا کردار ادا کر رہی ہے۔ اس موقع پر کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل نے کہا کہ پاکستانی ٹی ویٹ سیکٹر کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر لانے کے لئے برٹش کونسل ہر ممکنہ تعاون کرے گی۔
وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے اس اہم منصوبے سے پہلے ملکی یا صوبائی سطح پر ٹی ویٹ سیکٹر کی ایکریڈیشن کے لئے کوئی ادارہ کام نہیں کر رہا تھا جبکہ صوبائی سطح پر ٹی ویٹ اداروں کی رجسٹریشن تو ہوتی تھی مگر انکے معیارات کے تعین کے لئے کوئی ادارہ کام نہیں کر رہا تھا یہی وجہ تھی کہ ان کے سرٹیفیکیٹس کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی نہیں ملتی تھی۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا حکومت ملکی ٹی ویٹ سیکٹر کی کوالٹی کو بین الاقوامی شناخت کے معیار تک لانے کے لئے پر عزم ہے اور اس مقصد کے لئے یوکے نیرک کے معیار کو گولڈ سٹینڈرد کے طور پر اپنایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں