سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اراکین کا سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ ۔

اسلام آباد( یو این آئی نیوز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اراکین نے سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انھیں پاک بحریہ کے کردار، ذمہ داریوں اور میری ٹائم سیکیورٹی کے مسائل پر بریفنگ دی گئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دورے کے دوران قائمہ کمیٹی کو ‘پاک بحریہ کے چیلنجز ، رسپانس اوربحری دائرہ کار میں پاک بحریہ کی خدمات’ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل (ر) میاں محمد ہلال حسین بھی بریفنگ کے دوران موجود تھے ۔ کمیٹی کے اراکین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بحرِ ہند میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان کی قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ بین الاقوامی سمندروں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اور انفرادی میری ٹائم سیکیورٹی اقدامات کررہی ہے۔ ایڈمرل نے سی پیک سے متعلق پاک بحریہ کی ذمہ داریوں پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ اس سلسلے میں ساحلی دفاع اور گوادر رپورٹ کی طرف آنے والی سمندری راہداریوں کے دفاع کو بہتر کرنے کے لیے موثر اور جامع اقدامات کیے گئے ہیں۔ وفد کو بحری آگاہی پیدا کرنے اور ملک کی معاشی ترقی کے لیے میری ٹائم سیکٹر کے فروغ میں پاک بحریہ کی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ پاک بحریہ کے آپریشنل ڈویلپمنٹ پلانز کے علاوہ کمیٹی کو پاکستان نیوی کی قوم کی تعمیر و ترقی میں شراکت اور صحت اور تعلیم کے شعبے میں بلوچستان کی ساحلی آبادی کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع، سینیٹر مشاہد حسین سید نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور قومی تعمیر کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں