اسلام آباد ( یو این آئی ):
وزارت خزانہ نے پی آئی اے کو مالی معاونت فراہم نہ کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ماضی میں پی آئی اے کو مالی معاونت فراہم کی ہے جو مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔
پیر کو یہاں جاری بیان میں وزارت خزانہ کے ترجمان نے بتایا کہ میڈیا کے بعض حصوں میں حکومت کی جانب سے قومی ائیرلائن پی آئی اے کو مالی معاونت نہ دینے کے حوالہ سے خبریں غلط اور گمراہ کن ہیں۔ترجمان نے کہا کہ حکومت نے ماضی میں بھی پی آئی اے کو مالی معاونت فراہم کی ہے اور مستقبل میں بھی یہ معاونت جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ اور وزارت ہوابازی آپریشنل ضروریات کیلئے مالی معاونت کے ضمن میں پی آئی اے کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے نے حال ہی میں حکومت پاکستان کی ضمانت سے نئے قرضہ کیلئے کئی مالیاتی اداروں سے مذاکرات کئے ہیں۔اس قرضہ سے پی آئی اے کو اپنی ادائیگیوں اور بلاتعطل آپریشن جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔