اسلام آباد :.
ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز(پنجاب) میجر جنرل محمد قذافی نے کہا ہے کہ آج کے نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، ملکی ترقی اور استحکام کے لئے نوجوانوں کی کردار سازی پر توجہ مرکوز کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، رینجرز کیڈٹ کالج چکری اس لحاظ سے بہت اہمیت کا حامل تربیتی ادارہ بن چکا ہے کہ یہاں ملک کے طول و عرض سے نوجوان کیڈٹ تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
وہ گزشتہ روز رینجرز کیڈٹ کالج چکری میں پہلی سالانہ یوم والدین تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ رینجرز کیڈٹ کالج چکری ملک بھر کے مایہ ناز کیڈٹ کالجز میں سے ایک ہے جوکہ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں اپنی مثال آپ ہے۔ رینجرز کیڈٹ کالج چکری نے پاکستان رینجرز (پنجاب) کے زیرِ انتظام قلیل مدت میں بیشمار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔
رینجرز کیڈٹ کالج چکری کے پہلے یومِ والدین کے موقع پر شاندار اور پروقار تقریب میں ملک بھر سے کیڈٹس کے والدین اور عزیزواقارب نے شرکت کی۔ کالج کے پرنسپل بریگیڈئیر ریٹائرڈ ندیم اختر حسین ستارہ امتیاز ملٹری نے مہمان خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ ننھے کیڈٹ نے مہمان خصوصی کو گلدستہ پیش کیا۔
پرنسپل نے مہمان خصوصی سے اساتذہ کا تعارف کروایا۔ مہمان خصوصی اسٹیج پر جلوہ افروز ہوئے تو کالج کیپٹن احمد علی طارق نے تقریب کے باقاعدہ آغاز کے لیے مہمان خصوصی سے اجازت طلب کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ کیڈٹ سالار سعید نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جس کے بعد نوجوان کیڈٹس نے ڈریل، فزیکل ٹریننگ ، جمناسٹک اور ٹائیکوانڈو کے شاندار مظاہرے پیش کئے اور بلا شبہ ہمیشہ کی طرح (REDS) کی پریڈ نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔
کالج کے پرنسپل بریگیڈئیر ریٹائرڈ ندیم اختر حسین ستارہ امتیاز ملٹری نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ مہمان خصوصی میجر جنرل محمد قذافی ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز پنجاب نے نصابی، ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس اور ہائوسز میں شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔
کیڈٹ قاسم شہزاد نے سال کے بہترین کھلاڑی اور کیڈٹ سعد سلطان نے تعلیم میں بہترین کارکردگی کی ٹرافی وصول کی جبکہ کیڈٹ احمد علی طارق سال کے بہترین کیڈٹ قرار پائے۔ ”چمپئن ہائوس ٹرافی” سرسید ہاس نے حاصل کی جسے کیڈٹ محمد اویس اور کیڈٹ شہودعلی زیدی نے وصول کیا۔ ٹ
یبل ٹینس چیمپئن کا اعزاز کیڈٹ فہد ستار کے حصے میں آیا اور انہیں گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کالج میں رائڈنگ کلب کے قیام کا اعلان کیا اور انعامات حاصل کرنے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی۔ مہمان خصوصی نے رینجرز کیڈٹ کالج چکری میں فروغ تعلیم کی کوششوں اور کیڈٹس کی ہمہ پہلو تربیت اور بہترین کردار سازی کرنے پر کالج انتطامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے طلبا کو نصیحت کی کہ اپنی تمام تر صلاحیتیں حصول علم کے لیے وقف کردیں اور ملک کی تعمیروترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے پر ہوا جس کے بعد رینجرز کیڈٹ کالج چکری کے ہونہار طلبہ کے تیار کئے گئے فن پاروں ، سائنسی آلات اور ماڈلز کی نمائش کی گئی جسے شرکا نے خوب سراہا۔