سلام آباد(یو این آئی نیوز )پاکستان کے ایٹمی پروگرام خالق ،محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو اتوار کے روزاسلام آباد کے ایچ ایٹ کے قبرستان میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔قبل ازیں ان کی کی نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کی گئی تھی جس میں وفاقی وزرا، اراکین پارلیمنٹ اور عسکری قیادت نے شرکت کے علاوہ ہزاروں کی تعداد عام شہریوں نے شرکت کی ۔انھیں سرکاری اعزازکے ساتھ سپرد خاک کرنے کی ہدایت وزیر اعظم عمران خان نے جاری کی ، مرحوم کے اہل خانہ کے مطابق ان کی وصیت تھی کہ ان کی نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کی جائے اور تدفین ایچ ایٹ قبرستان
میں کی جائے ، اہل خانہ کے مطابق اتوار کی صبح ان کی طبیعت اچانک بگڑنے کے باعث انھیں ہسپتال لیجایا گیا جہاں وہ ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود جانبر نہ ہو سکے اور اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ، ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی حکومت کی جانب سے فوری طور پر سوگ اور ان کی تدفین کے انتظامات اپنے ذمہ لینے کا اعلان کیا گیا اور وزیر اعظم نے اس کی تمام تر ذمہداری وزیر داخلہ شیخ رشید کے سپرد کرتے ہوئے پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کی ہدایت کی ، حکومت کی جانب سے عام عوام کو نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت کا اعلان ہوتے ہی شہر کے چاروں اطراف سے لوگ جوق درجوق فیسل مسجد پہنچنا شروع ہو گئے اور خراب موسم کے باوجود چند گھنٹوں میں اتنی بڑی تعداد میں لوگ وہاں جمع ہو گئے جس کے باعث جنازہ گاہ میں جگہ کم پڑ گئی ،اس موقع پر اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے سخت ترین سکیورٹی اقدامات کیے گئے تھے ۔تدفین کے موقع پر میت کو مسلح افواج کے چاق چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ڈاکٹرعبدالقدیرخان کی قبر پر چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی ،آرمی چیف اور پاک فضائیہ کی جانب سے پھول چڑھائے گئے۔ صدر ، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماوں اور عسکری قیادت نے ان کی وفات پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
