اسلام آباد (یو این آئی ):چیئرمین تحریک انصاف عمران خان گرفتاری پر تحریک انصاف کے کارکنوں کا احتجاج اور توڑ پھوڑ کے الزام میں وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے متعدد شہروں میں متعدد مقدمات درج کرلیے گئے۔
اسلام آباد کے 4 تھانوں میں مقدمات درج کر لئے گئے۔ جلاؤ گھیراؤ، املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس اہلکاروں پرحملے کی دفعات شامل ہیں۔ اسلام آباد میں دفعہ 144 کے بعد ریڈ الرٹ بھی جاری کر دیا گیا۔
شہر بھر میں تعینات پولیس اہلکاروں کو اسلحہ ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریڈ زون میں عام افراد کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔پولیس لائنز کے اطراف 1500 جبکہ شہر بھر میں 3 ہزار مسلح پولیس اور انٹی رائٹس فورس کے اہلکار تعینات ہیں۔
دوسری جانب سیالکوٹ میں بھی جلاؤ گھیراؤپر54 نامزداور300 نامعلوم ملزمان کیخلاف تھانہ رنگ پورہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ دہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کی متن کے مطابق مظاہرین نے رنگ پورہ چوک میں پولیس پرحملہ کیا اور گاڑی کو نقصان پہنچایا، مقدمہ میں عثمان ڈار کا بھائی عمر ڈار بھی نامزد کردیا گیا۔
پتوکی میں بھی تھانہ سٹی میں پی ٹی آئی کارکنوں کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ روڈ بلاک اورجلاؤ گھیراؤ کےدفعات کے تحت درج کیاگیا۔ مقدمے میں 23معلوم اور 70سےزائدنامعلوم ملزمان نامزد ہیں۔
ملک بھر میں پر تشدد مظاہروں میں جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی.
لیاقت پور میں بھی عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت اور کارکنوں کےخلاف 3مقدمات درج کرلیے گئے۔ مقدمات میں روڈ بلاک،کارسرکار مداخلت اور پولیس پرحملے کی دفعات شامل ہیں۔
جی ٹی روڈ پر توڑ پھوڑ اور جلاؤگھیراؤ کے الزم میں اٹک میں بھی تحریک انصاف کے 77 کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ 21 پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار بھی کرلیاگیا۔ پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ پرپھتراؤ سےڈی ایس پی سمیت10اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان اسلحہ سے لیس تھے، پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس سے ٹیئر گیس گن بھی چھینی،7گھنٹےتک پشاور،اسلام آباد نیشنل ہائی وےبلاک رہا۔
ملک کے دیگر شہروں کی طرح رحیم یارخان میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔ مقدمات قومی شاہراہ کو بلاک کرنے پرتھانہ اقبال آباد اورصدر صادق آباد میں درج کرلیے گئے۔ تھانہ اقبال آباد میں 2خواتین سمیت20نامزد اور 95 نامعلوم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جبکہ تھانہ صدرصادق آباد میں32نامزد اور80 نامعلوم کارکنان کے خلاف درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے لاٹھیوں،اینٹوں سے پولیس پارٹی پر حملہ کیا، ملزمان نےفائرنگ کرتے ہوئے جان سے مارنے کی کوشش کی، مظاہرین اداروں کے خلاف اشتعال پھیلارہے تھے۔
راولپنڈی میں رات گئے تک 500 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے کیا گیا .