آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ ، دفاعی شعبہ میں ادارے کی کارکردگی کو سراپا

راولپنڈی ( یو این آئی نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کسی بھی ملک کی پہچان ہوتی ہے اور ہمیں اس مقصد کے لیے حاصل کیے گئے سنگ میلوں پر فخر ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے گذشتہ روز ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا ( ایچ آئی ٹی) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایچ آئی ٹی کی صلاحیتوں، جاری منصوبوں میںپیشرفت اور اس کے پروڈکشن یونٹس کے لیے حال ہی میں اٹھائے گئے بیلنسنگ، ماڈرنائزیشن اور ری ویمپنگ (بی ایم آر) کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔ آرمی چیف نے ایچ آئی ٹی کی مختلف تنصیبات کا دورہ کیا اور ٹینکوں کے لیے حال ہی میں تیار کیے گئے مزید جدید پروٹیکشن سلوشن اور ریموٹ ہتھیاروں کے نظام ، مقامی طور پر تیار کردہ 155 ایم ایم آرٹلری گن بیرل، فوجی گاڑیوں کی بیلسٹک/آئی ای ڈی سےتحفظ اور ٹینکوں وآرمرڈ پرسنل گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ، تعمیر نو اور اپ گریڈیشن (اے پی سی سی) کا جائزہ لیا ، آرمی چیف نے ایچ آئی ٹی میں جاری تحقیق اور ترقی کے منصوبوں کا بھی مشاہدہ کیا اور جدی ٹیکنالوجیز کے حامل ٹینکوں سمیت آرٹلری گنز کی مقامی طور پر تیاری کے ذریعے ان ہتھیاروں کے حوالے سےخود انحصاری کے حصول اور گاڑیوں کے لیے بیلسٹک پروٹیکشن سلوشنز کے حوالے سے ایچ آئی ٹی کی کوششوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایچ آئی ٹی کی مہارت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور ایچ آئی ٹی کو ایک جدید دفاعی پیداواری صنعت میں تبدیل کرنے کے لیے چیئرمین، افسران اور افرادی قوت کے عزم کو سراہا۔ انھوں نے ریمارکس دیئے کہ دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کسی بھی ملک کی پہچان ہوتی ہے اور ہمیں اس مقصد کے لیے حاصل کیے گئے سنگ میلوں پر فخر ہے۔قبل ازیں ایچ آئی ٹی آمد پرکے چیئرمین میجر جنرل سید عامر رضا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں