قومی ٹیم کے سینئر آل راؤنڈرشعیب ملک کو آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیم میں شامل

لاہور( یو این آئی نیوز) قومی ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر اور مڈل آرڈر بلے بازشعیب ملک کو آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ۔ ان کو صہیب مقصود جو کمر کی تکلیف کے باعث قومی سکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔چیف سلیکٹر محمد وسیم کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ٹیم مشاورت کے بعدہم نے شعیب ملک کو قومی سکواڈ میں شامل کر نے کا فیصلہ کیا ، انھوں نے کہا کہ صہیب مقصودکا آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے باہر ہونا افسوسناک ہے۔ انہوں نے اس ایونٹ کے لیے اور قومی اسکواڈ کا حصہ بننے کے لیے بہت محنت کی تھی۔ شعیب ملک کا تجربہ قومی سکواڈ کے لیے بہت کارگر ثابت ہوگا۔شعیب ملک نے 2007 میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی قیادت کی تھی۔ وہ 2009 ورلڈکپ کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا بھی حصہ تھے۔انہوں نے 2012، 2014 اور 2016 کے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی سکواڈ 15 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات روانہ ہوگا۔میگا ایونٹ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔اس سے قبل پاکستان 18 اور 20 اکتوبر کو بالترتیب ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف دو وارم اپ میچز کھیلے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں