پی ایم اے پاسنگ آوٹ پریڈ ۔

ایبٹ آباد ( یو این آئی نیوز) 144ویں لانگ کورس ، 63 ویں انٹیگریٹڈ کورس ، 33 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس ، تیسرا بنیادی فوجی تربیتی کورس اور 18 ویں لیڈی کیڈٹس کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ گذشتہ روز پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول (ایبٹ آباد )میں منعقد ہوئی۔ آذربائیجان ، بحرین ، عراق ، سعودی عرب اور سری لنکا کے کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس میں شامل تھے۔ اس موقع پر رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمید بن راجد الرویلی مہمان خصوصی تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مہمان خصوصی نے پریڈ کا جائزہ لیا اور ممتاز کیڈٹس کو انعامات دیئے۔ بٹالین کے سینئر انڈر آفیسر عثمان انور کو اعزازی شمشیر سے نوازاگیا ، پریذیڈنٹس گولڈ میڈل بٹالین کے سینئر انڈر آفیسر حمزہ نذیر کو ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل سری لنکا کےسینئر انڈر آفیسر واناسنگل آرچچی شانوکا ، کمانڈنٹس میڈل سعودی عرب کے جونیئر انڈر آفیسر رافید عبداللہ کیو الجنید کو اور چیف آف آرمی سٹاف کین 33 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کورس انڈر آفیسر وقار محمد اور 63 ویں انٹیگریٹڈ کورس کے انڈر آفیسر حسن ابرار کو عطا کی گئیں جبکہ کورس انڈر آفیسر حنا بخاری ( تھرڈ بیسک ملٹری ٹڑیننگ کورس) اور کورس انڈر آفیسر حور فاطمہ ( 18 ویں لیڈی کیڈٹ کورس) کو کمانڈنٹ کین سے نوازا گیا۔پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی جنرل فیاض بن حمید بن راجیڈ الرویلی نے پاس آؤٹ کیڈٹس اور ان کے والدین کو تربیت کی کامیاب تکمیل اور فوج میں شامل ہونے پر مبارکباد دی۔ سعودی چیف آف جنرل سٹاف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی جو کہ پی ایم اے میں دی جانے والی تربیت کے اعلیٰ معیار کو منہ بولتا ثبوت ہے ۔ بعدازاں اعزازت پانے والے کیڈٹس نے کہا کہ بٹالین سینئر انڈر آفیسر عثمان انور – (اعزازی شمشیر144 پی ایم اے لانگ کورس) نے کہا کہ میرا تعلق نوشکی بلوچستان سے ہے۔ میں نے ملٹری کالج سوئی سے تعلیم حاصل کی۔ الحمد للّہ آج مجھے اعزازی شمشیر سے نوازا گیا جو کہ لانگ کورس کے مجموعی طور پر بہترین کیڈٹ کو دی جاتی ہے۔ یہ کامیابی میری سخت محنت، والدین کی دعاؤں اور پی ایم اے کی فیکلٹی اور انسٹرکٹرز کی انتھک کوششوں کے باعث حاصل ہوئی۔ انشاء اللہ میں مستقبل میں بھی اسی جذبے اور لگن سے کام کروں گا تاکہ اپنی قوم کی امیدوں پر پورا اتر سکوں۔ اللّٰہ میری نصرت فرمائے کہ میں اپنے زیر کمان افراد کی جرأت مندانہ قیادت اور اپنے آخری سانس تک مادر وطن کی حفاظت کر سکوں۔
بٹالین سینئر انڈر آفیسر حمزہ نذیر -( پریذیڈنٹ گولڈ میڈل،144 پی ایم اے لانگ کورس) نے کہا کہ
میرا تعلق جہلم سے ہے۔ الحمد للّہ آج مجھے پریذیڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا جو کہ لانگ کورس کے مجموعی طور پر دوسرے بہترین کیڈٹ کو دیا جاتا ہے۔ یہ کامیابی مجھے لگاتار محنت، والدین کی دعاؤں اور پی ایم اے اور اس سے پہلے میرے مادر علمی ملٹری کالج مری کے انسٹرکٹرز کی دی گئی عمدہ تربیت کے باعث حاصل ہوئی۔ میں اپنی قوم اور پاک فوج کے لیے ایک قابلِ فخر اثاثہ بننا چاہتا ہوں۔ پاکستان زندہ باد،
سینئر انڈر آفیسر پیرس (سری لنکا) – (چیف آف آرمی سٹاف گولڈ میڈل،144 پی ایم اے لانگ کورس) نے کہا کہ میں نے کامیابی کے ساتھ یہاں اپنی دو سالہ ٹریننگ مکمل کر لی ہے۔ آج مجھے چیف آف آرمی سٹاف بیسٹ اورسیز گولڈ میڈل سے نوازا گیا ہے۔ یہ میرے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے کہ میں نے پاکستان ملٹری اکیڈمی جیسے عظیم ادارے سے یہ ایوارڈ ملا جس کا شمار دنیا کی بہترین ملٹری اکیڈمیز میں ہوتا ہے۔میں کمانڈنٹ پی ایم اے، میجر جنرل عمر احمد بخاری، پلاٹون کمانڈرز اور دیگر فیکلٹی، اساتذہ، اپنے والدین اور اپنے تمام ساتھیوں جنہوں نے اس دوران میری رہنمائی اور مدد کی، کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔میں بہت سارے ناقابلِ فراموش لمحات گزارنے کے بعد پی ایم اے کو اپنا دوسرا گھر اور 144 لانگ کورس کو اپنا خاندان سمجھتا ہوں۔ مجھے آپ سب کی بہت یاد آئے گی ۔ آپ کی مہمان نوازی کا بہت شکریہ۔
کورس انڈر آفیسر وقار – (چیف آف آرمی سٹاف کین،33 ٹیکنیکل گریجوایٹ کورس) نے کہا کہ میرا تعلق جلال آباد، گلگت بلتستان سے ہے۔الحمد للّہ مجھے آج چیف آف آرمی سٹاف کین سے نوازا گیا جو کہ کورس کے بہترین کیڈٹ کو دی جاتی ہے۔ میرا یہ اعزار والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی بے پناہ کوششوں کے مرہون منت ہے۔ انشاء اللہ میں اپنے آپ کو محنت کے ساتھ اس اعزاز کا اہل ثابت کروں گا اور اپنی قوم کی توقعات پر پورا اتروں گا۔ پاک فوج زندہ باد ، پاکستان پائندہ باد،
کورس انڈر آفیسرحور فاطمہ – (کمانڈنٹ کین،18 لیڈی کیڈٹس کورس ) نے کہا کہ
الحمد للّہ مجھے اس اعزاز سے نوازا گیا جو کہ کورس کی بہترین لیڈی کیڈٹ کو دیا جاتا ہے۔ پاک فوج خواتین کو زبردست مواقع فراہم کرتی ہے۔ پاک فوج میں تقریباً 27 فیصد خواتین ہیں جو کہ کیپٹن سے لے کر لیفٹیننٹ جنرل تک مختلف حیثیتوں میں اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ یہ سب ہی میرے لیے انسپائریشن کا ذریعہ رہی ہیں۔ انشاء اللہ میں اسی جذبے اور لگن سے کام کرتی رہوں گی تاکہ میں قوم کی خدمت کر سکوں اور پاک فوج کی توقعات پر پورا اتر سکوں۔ اللّٰہ میرا حامی و ناصر ہو آمین

اپنا تبصرہ بھیجیں