دوبئی: ( یو این آئی نیوز )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں آبادی کے اعتبار سے پانچواں بڑا ملک ہے، جس نے مختلف شعبوں میں ترقی کے حصول کیلئے اعلیٰ اہداف رکھے ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان دنیا میں ایک خوشحال ملک کے طور پر ابھر رہا ہے ، ہفتہ کےروزپاکستانی تارکین وطن کیلئے روشن اپنا گھر اقدام کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دنیا میں آبادی کے اعتبار سے پانچواں بڑا ملک ہے، جس نے مختلف شعبوں میں ترقی کے حصول کیلئے اعلیٰ اہداف رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف وسائل بلکہ ویژن اور درست پالیسیوں کا ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ہے۔ انھوں نے کہا کہ انہیں یہ قومی امید ہے کہ پاکستان اپنی ترقی پسند پالیسیوں کی بدولت دنیا میں نمایاں مقام حاصل کرے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن پاکستان میں محفوظ سرمایہ کی پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشتگردی اور کورونا وائرس جیسے بڑے چیلنجز پر قابو پانے کے بعد لچکدار قوم کے طور پر ابھری ہے۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معیشت حوصلہ افزائ معاشی اعشاریوں کے ساتھ درست راستے پر گامزن ہے۔ درآمدات اور زرعی شعبہ میں نمایاں ترقی ہو رہی ہے۔ حکومت کی موثر پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی پائیدار ترقی عوامی مفاد میں جاری رہے گی۔ گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سٹیٹ بینک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ جیسی مراعات کے ساتھ سہولیات فراہم کر رہا ہے،جس سے سرمایہ کو وطن واپس لانے کی اجازت ہے۔ پاکستان نمایاں ترقی کی شاہراہ پر گامزن دنیا کے چند ممالک میں سے ایک ہے یہاں تک کے وبائی چیلنج کے دوران بھی اس کی ترقی میں کمی نہیں آئی۔
