آئی ایم ایف پروگرام کے بغیر پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا:موڈیز نے خطرے کی گھنٹی بجادی

اسلام آباد(یو این آئی) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے بغیر ڈیفالٹ کرسکتا ہے۔

بلومبرگ اور موڈیز نے پاکستانی معیشت کےلئے خطرے کی گھنٹی بجادی دی ہے۔معیشتوں کی درجہ بندی کرنے والے ادارے موڈیز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے بغیر ڈیفالٹ کرسکتا ہے کیونکہ جون کے بعد مالیاتی مواقع انتہائی غیر یقینی ہیں۔

موڈیز کے تجزیہ کار گریس لیم کا کہنا ہےکہ “ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان رواں مالی سال اپنی بیرونی ادائیگیوں کو پورا کرے گا لیکن جون کے بعد پاکستان کے پاس فنانسنگ کے آپشنز انتہائی غیر یقینی ہیں۔ آئی ایم ایف پروگرام کے بغیر پاکستان اپنے انتہائی کمزور ذخائر کی وجہ سے ڈیفالٹ کر سکتا ہے۔

موڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے 6.5 بلین ڈالر کے بیل آو¿ٹ پروگرام کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے سخت تگ و دو کررہا ہے لیکن یہ پروگرام حکومت کی جانب سے قرض کی شرائط کو پورا کرنے میں ناکام ہونے کے بعد رک گیا ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کو زرِ مبادلہ میں کمی کا سامنا ہونے کے باعث مسئلہ درپیش ہے۔ رواں مالی سال کےاختتام تک پاکستان قرضوں کی ادائیگی وقت پر کرے گا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان میں رواں سال ہونے والے انتخابات سے پہلے سیاسی تناو¿، قرض میں تاخیر کے خطرے میں اضافہ کر رہا ہے۔ دوسری طرف روپیہ بھی ریکارڈ کے کم ترین سطح کے قریب ٹریڈ کر رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس پاکستان میں ہونے والے انتخابات سے قبل سیاسی عدم استحکام آئی ایم ایف سے قرضے میں تاخیر کے خطرے میں اضافہ کررہا ہے کیونکہ سابق وزیر اعظم عمران خان حکومت اور پاک فوج کے خلاف پیچھے ہٹتے دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں