راولپنڈی ( یو این آئی نیوز):
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج ایک پیشہ ور ادارہ ہونے کے ناطے پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ایک مقدس فریضہ کے طور پر پوری کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جی ایچ کیو میں منعقدہ 80ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانفرنس کی صدارت کی۔ کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔کانفرنس کے شرکاء کو پیشہ ورانہ امور، قومی سلامتی کے چیلنجز اور جوابی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر آرمی چیف نے آپریشن ردالفساد کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اب تک کی کامیابیوں کو سراہا۔انھوں نے موجودہ جیو اسٹریٹجک ماحول کے تناظر میں آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر خصوصی زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ پاک فوج ایک پیشہ ور ادارہ ہونے کے ناطے پاکستان کی سلامتی، سالمیت اور خودمختاری کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو ہمیشہ ایک مقدس فریضہ کے طور پر پورا کرے گی۔