اسلام آباد( یو این آئی نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مری میں جاں بحق ہونے والے سیاحوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس افسوسناک سانحے پر پورا ملک سوگوار ہے۔ سانحہ مری حکومت کی نااہلی کا نتیجہ ہے اور ایسے المناک حادثات سے محفوظ رکھنے کا حل نااہل حکمرانوں کو گھر بھیجنا ہے۔ لاہور میں پی پی پی پنجاب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی راولپنڈی کے جیالوں کو مشکلات کا شکار ہونے والے سیاحوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی پنجاب کے عہدیداروں نے پارٹی چیئرمین کو نااہل حکومت کے حوالے سے صوبے کے صوبے کی عوام کی مایوسی سے آگاہ کیا اور لانگ مانگ اور کسان مارچ کے حوالے سے بریفنگ دی۔پیپلز پارٹی کے میڈٖیا سیل سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں راجہ پرویز اشرف، رانا فاروق سعید، چوہدری اسد پرویز، میاں اظہر حسن ڈار، خواجہ اویس مشتاق، اعجاز احمد سمہ، چوہدری اختر علی خان، آصف خان، محمد ارشد جٹ، اسرارالحق، جاوید بھٹی، رانا عرفان احمد خان، سید حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ، عثمان سلیم ملک، ثمینہ پگاں والا، بیرسٹر عامر حسن، فیصل میر، عامر محمود بھٹی، سردار سلیم حیدر، تسلیم قریشی، چوہدری سعید اقبال، اسلم گل، رائے شاہجہاں بھٹی، مہر غلام فرید کاٹھیا، ثمینہ خالد گھرکی، محسن حسن ملہی، موسی کھوکھر، سید عنایت علی شاہ، سید نظر حسن شاہ، عمران اٹھوال، طیب محمود چٹھہ، علامہ یوسف اعوان، ڈاکٹر خیام حفیظ، ڈاکٹر خالد جاوید جان، الظاف احم قریشی اور دیگر نے شرکت کی۔ اس سے قبل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کے عہدیداروں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین پیپلزپارٹی کو پی پی پی آزاد کشمیر کے عہدیداروں نے 27فروری کے لانگ مارچ کے حوالے سے تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ چئیرمین پیپلزپارٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27فروری کا لانگ مارچ احتجاج کا تسلسل ہے جو مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پارلیمان میں بھی حکومت کے خلاف موثر اپوزیشن کی ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اب عوامی احتجاج کا نہ رکنے والا سلسلہ چل پڑا ہے اور پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے پر ہی عوام چین سے بیٹھیں گے۔
