اسلام آباد ( یو این آئی نیوز ) گزشتہ جمعہ کو سیالکوٹ کی ایک فیکٹری میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل کئے جانے والے سری لنکا کے شہری پریانتھا دیاودانا کا تعزیتی ریفرنس وزیراعظم آفس میں (آج) منگل کو ہو گا۔ ریفرنس کا مقصد مقتول کے اہل خانہ ،سری لنکا کی حکومت اور عوام کے ساتھ اس ناگہانی سانحہ پر اظہار یکجہتی ہے۔ ریفرنس میں وفاقی کابینہ کے اراکین ، پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل موہن وجے وکرما ، تھنک ٹینکس، شعبہ تعلیم کے ماہرین، مذہبی سکالرز سمیت دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ تعزیتی ریفرنس میں سری لنکا کے مقتول شہری کے پوٹریٹ پر پھول بھی چڑھائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں گزشتہ ہفتہ سری لنکا کے شہری پریانتھا دیاودانا کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کی اخلاقی جرات اور بہادری پر پوری قوم کی جانب سے سلام پیش کیا تھا جنہوں نے پریانتھا دیاودانا کو مشتعل ہجوم سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے مقتول کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ملک عدنان کو ان کی جرات اور بہادری پر تمغہ شجاعت سے نوازا جائے گا۔ تعزیتی ریفرنس کی تقریب کے دوران اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر سری لنکا کے شہری کو تحفظ فراہم کرنے کے بہادرانہ اقدام کے اعتراف میں ملک عدنان کو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان نے سانحہ سیالکوٹ کو پاکستان کیلئے شرمندگی کا ایک دن قرار دیا تھا اور ملک عدنان کی اخلاقی جرات کے اعتراف میں ان کو تمغہ شجاعت کا قومی ایوارڈ دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔
