اسلام آباد ( یو این آئی نیوز):وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ سائبر سکیورٹی اورسرکاری دفاتر کی الیکٹرانک سکیورٹی سے متعلق اعلی اختیاراتی وزارتی کمیٹی کا پہلااجلاس،سفارشات دو ہفتوں میں مکمل کرنے کا فیصلہ ۔
ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز وزارت داخلہ میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر برائے ماحولیاتی تبدیل شیری رحمان نے شرکت کی۔سیکرٹری کابینہ،سیکرٹری نیشنل ٹیلی کام اورسیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت کمیٹی کے دیگر ارکان بھی اجلاس میں موجود تھے ۔وزیر داخلہ نے کمیٹی کو دئیے گئے ٹرمز آف ریفرنس کے تحت دو ہفتوں میں کام مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔
کمیٹی وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی سائیبرسکیورٹی بریچ کی تحقیقات کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی وزیراعظم کے دفتر اور ہاؤس کیلئے موجودہ سائیبر سکیورٹی پرٹوکول کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی سائبر سکیورٹی پروٹوکول فُول پروف بنانے کے حوالے سے ایکشن پلان مرتب کرے گی۔کمیٹی تمام سرکاری دفاتر کی الیکٹرانک سکیورٹی کو یقینی بنانے کے حوالے سے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔ کمیٹی اپنی سفارشات دو ہفتوں میں مکمل کرے گی جسے وزیراعظم پاکستان کو پیش کردیا جائے گا۔