اسلام آباد ( یو این آئی نیوزسعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف اپنا ہنگامی ایک روزہ دورہ پاکستان مکمل کرکے وطن واپس روا نہ ہو گئے ،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سعودی وزیر داخلہ کو نور خان ائیر بیس راولپنڈی سے رخصت کیا۔وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طاہر اشرفی بھی ائیر پورٹ پرموجود تھے۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سعودی ہم منصب کو دورے کے حوالے سے یادگاری تصویری البم بھی پیش کیا۔سعودی وزیر داخلہ نے اپنے دورے کے دوران صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ سعودی وزیر داخلہ نے وزارت داخلہ کا دورہ بھی کیا۔وزیرداخلہ شیخ رشید احمد سے سعودی ہم منصب نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاکستان اور سعودی عرب کے داخلہ وزارتوں کے درمیان روابط بڑھانے کے حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے اپنے سات رکنی وفد کے ہمراہ اپنے پاکستانی ہم منصب شیخ رشید احمد سےان کے دفتر میں ملاقات کی۔
سعودی وزیر داخلہ کا اپنی وزارت میں خیرمقدم کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف کا دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب، اس کے عوام اور شاہی خاندان کے ساتھ تعلقات کو سب سے زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ملاقات میں فریقین نے علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں ملکوں کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک دوسرے کی داخلہ کی وزارتوں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی بڑھانے سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں وزارتوں کے درمیان قریبی ہم آہنگی کے ساتھ ہر قسم کے سیکورٹی چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ دونوں ملکوں کی جانب سے وزارت داخلہ کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سعودی عرب میں مقیم 20 لاکھ پاکستانیوں کی زیادہ سے زیادہ مہمان نوازی اور انھین روزگار کے مواقعے فراہم کرنے پر اپنے سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان پاکستانیوں کی طرف سے بھیجی گئی ترسیلات پاکستان کے اندر ان کے خاندانوں کی آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ ہیں۔ مہمان وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے بھی اپنے پاکستانی ہم منصب کو دورہ سعودی عرب کی دعوت دی ، ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ بریگیڈیئر مصدق عباسی اور سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر کے علاوہ وزارت کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی خصوصی دعوت پر سعودی وزیر داخلہ پاکستان کے دورے پر کل اسلام آباد پہنچے تھے۔
