کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہےکہ ہماری کرکٹ کی معیشت اچھی ہو اور ٹیم نمبر ون ہو تو غیر ملکی ٹیمیں یہاں سے واپس نہیں جائیں گی۔بزنس کمیونٹی بہتری کے لیے ہماری راہنمائی کرے ، رمیز راجہ نےپاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے آج کراچی کا پہلا دورہ کیا ، انھوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پہنچنے پر وہاں کا روایتی گھنٹہ بجا کر دن کی ٹریڈنگ کا آغاز کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ اسٹیڈیمزاور کرکٹ کے اسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بزنس کمیونٹی ہمیں بتائے کہ ہم کس طرح اوپر جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کرکٹ کی معیشت کو ترقی دینا ہے، اس وقت آئی سی سی کی فنڈنگ پر ہماری کرکٹ چل رہی ہے اور ہمارے مقامی سرمایہ کاروں کی حصہ داری کم ہے، اس لیے ملکی کرکٹ آئی سی سی پر انحصار کرتی ہے۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ چاہتا ہوں آپ کرکٹ کی معیشت بڑھانے میں حصہ لیں، ہمارے پڑوسی ملک میں سرمایہ کاری سے کرکٹ بہت آگے نکل گئی ہے، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں واپس جانے سے دو چیزیں سیکھی ہیں، اگر آپ کی ٹیم نمبر ون ہو تو ٹیمیں واپس نہیں جائیں گی، اگر کرکٹ معیشت اچھی ہو تو بھی ٹیمیں واپس نہیں جائیں گی۔چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ کی تیاری جاری ہے،کوشش کر رہے ہیں کہ بہترین ٹیم میدان میں اترے۔
