راولپنڈی ( خصوصی نیوز رپورٹر )سیکیورٹی فورسز کا گذشتہ روز شمالی وزیرستان کے ضلع بویا کے عام علاقے میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن ۔ پاک فوج کے ایک افسر سمیت 5فوجی شہید جبکہ 4 دہشت گرد بھی جہنم رسید ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسزاور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تلاش کرتے ہوئے بھرپور کاروائی کی جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔ہلاک دہشت گردوں سے بڑے پیمانے پر اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں سرگرم رہے۔آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلےسے شہید ہونے والےفوجی افسر اور جوانوں میں کیپٹن عبدالولی (عمر 26 سال، رہائشی وانا/جنوبی وزیرستان)، نائب صوبیدار نواز (عمر 45 سال، ساکن ایبٹ آباد)، حوالدار غلام علی (عمر 34 سال، رہائشی سرگودھا)۔ لانس نائیک الیاس (عمر 33 سال، میانوالی کا رہائشی) اور سپاہی ظفر اللہ (عمر 29 سال، ساکن میانوالی) شامل تھے جنھوںنے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ آخری خبریں آنے تک علاقے میں سرچ آپریشن جاری تھا تاکہ اسے دیگر دہشت گردوں سے پاک کیا جا سکے۔آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ
پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس کے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
