پاک فوج کی جانب سے عمران خان کو کرارا جواب ، فیصل آباد کے جلسے میں آرمی چیف کی تقرری پر دیے گئے بیان پر برہمی کا اظہار ،

راولپنڈی (  یو این آئی نیوز): پاک فوج نے فیصل آباد میں ایک سیاسی جلسے کے دوران چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے پاک فوج کی سینئر قیادت کے بارے میں ریمارکس کو توہین آمیز اور غیر ضروری قرار دیتے ہوئے اس پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر پاک فوج کی جانب سے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کو ایک ایسے وقت میں بدنام اور کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ہے جب یہ ادارہ آئے روز پاکستانی عوام کی سلامتی اور تحفظ کے لیے جانیں قربان کر رہا ہے۔
پاکستان آرمی کے سربراہ کی تقرری جس کے لیے آئین میں طریقہ کار واضح طور پر درج ہے، پر سینئر سیاستدان کی جانب سےتنازعات کو ہوا دینے کی کوشش کرناانتہائی افسوس ناک اور مایوس کن ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فوج کی اعلیٰ قیادت نے اپنی حب الوطنی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو کسی شک و شبہ سے بالاتر ثابت کرنے کے لیے دہائیوں پر محیط شاندار خدمات انجام دیں۔
پاک فوج کی سینئر قیادت پر سیاست کرنا اور آرمی چیف کے انتخاب کے عمل کو سکینڈلائز کرنا نہ تو ریاست پاکستان کے مفاد میں ہے اور نہ ہی ادارے کے۔ پاک فوج اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی پاسداری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں