پاکستان ن کی کابل میں روسی سفارتخانہ کے باہر دہشت گردانہ حملے مذمت،

اسلام آباد ( یو این آئی نیوز):پاکستان نے کابل میں روسی سفارتخانہ کے باہر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت ایک مشترکہ خطرہ ہے جس سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق پاکستان کابل میں روسی فیڈریشن کے سفارت خانے کے باہر ہونے والے بزدلانہ خودکش حملے کی شدید مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں روسی سفارتکاروں اور افغان شہریوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور کئی دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ سفارتی مشن پر حملہ سنگین تشویش کا باعث ہے اور اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام روسی فیڈریشن کی حکومت سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ ترجمان نے دہشت گردانہ حملے سے متاثرہ ان تمام سوگوار خاندانوں سے بھی تعزیت کی جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھودیا ہے،
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور اس لعنت کے خاتمے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں