راولپنڈی ( یو این آئی نیوز) سیکورٹی فورسز نے نوشکی اور پنجگور میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا ۔ دونوں علاقوں میں آپریشن کے دوران 20 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے پنجگور اور نوشکی( بلوچستان) میں کیے گئے کلرنس آپریشن کے حوالے سے جاری کردہ اپ ڈیٹ کے مطابق نوشکی اور پنجگور میں جاری کلیئرنس آپریشن ہفتے کے روز مکمل کر لیا گیا ،دہشت گردوں نے 2 فروری کی شام نوشکی اور پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملہ کیا۔ دونوں مقامات پر فوجیوں کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کے ذریعے دونوں حملوں کو کامیابی سے ناکام بنا دیا گیا۔اس دوران نوشکی میں 9 دہشت گرد مارے گئے۔ نوشکی میں دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر سمیت 4 سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے شہادت کو گلے لگا لیا۔دوسری جانب پنجگور میں بھی سیکیورٹی فورسز نے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا اور دہشت گرد علاقے سے فرار ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں چھپے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا۔پنجگور میں فرار ہونے والے 4 دہشت گرد مارے گئے جب کہ اگلے روز سیکیورٹی فورسز نے 4 دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا۔
ہفتے کے روز آپریشن میں تمام محصور دہشت گرد مارے گئے کیونکہ وہ ہتھیار ڈالنے میں ناکام رہے تھے۔ پنجگور میں 72 گھنٹے جاری رہنے والے فالو اپ آپریشن کے دوران جے سی او سمیت 5 فوجیوں نے شہادت قبول کی اور 6 فوجی زخمی ہوئے۔ان حملوں سے منسلک 3 دہشت گرد بھی جمعہ کے روز مارے گئے جن میں بالگتر، کیچ میں 2 ہائی ویلیو اہداف بھی شامل تھے، یہ لوگ دہشت گردوں کے ایک عارضی ٹھکانے پر کیے گئے فالو اپ کلیئرنس آپریشن میں ہلاک کیے گئے تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہماری سیکورٹی فورسز اپنی سرزمین سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے ثابت قدم اور پرعزم ہیں چاہے اس کے لیے انھیں کوئی
بھی قیمت کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔
