اسلام آباد(یو این آئی )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھارت پہنچ گئے، وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کیلئے بھارتی شہر گووا پہنچ گئے۔
پاکستان نے فضائی حدود استعمال کرنے کیلئے بھارتی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے رابطہ کیا تھا جس پر بھارت نے بلاول بھٹو زرداری کے طیارے کے گووا جانے کیلئے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔
بلاول بھٹو زرداری نے بھارت روانگی سے قبل اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ میں بھارت میں ہونیوالی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی کروں گا، گووا جانا واضح پیغام ہے کہ پاکستان ایس سی او کے چارٹر کو کتنی اہمیت دیتا ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری دیگر ممالک کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔