لاہور(یو این آئی) پی ٹی آئی کےچیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر مجھے کچھ ہوا تو اس کے پیچھے ڈرٹی ہیری ہوگا ،مجھے اس کے علاوہ کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے ،مراد سعید کو بھی قتل کرانے کی کوشش کی جارہی ہے ،اس وقت مافیا ہاتھ دھو کر چیف جسٹس کے پیچھے پڑا ہوا ہے
لاہور سے اسلام آباد روانگی کے موقع پرعمران خان نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، ٹانگ میں سوجن کے باوجود میں عدالت میں پیش ہونے جارہا ہوں،حکومت میں بیٹھے لوگوں کے خلاف فیصلہ آ جائے تو یہ ذلیل حرکتیں کرتے ہیں
عدالتوں کے خلاف پروپیگنڈہ کرتے ہیں،تین دن پہلے میں نے لاہور ہائیکورٹ کو واضح طور پر کہا ہے کہ دو دفعہ مجھے قتل کرنے کی کوشش کی گئی ہے،وزیرآباد حملے کے حوالے سے جے آئی ٹی کی رپورٹ کو سبوتاژ کیا گیا
انہوں نے کہا کہ دوسری دفعہ 18 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس میں مجھے قتل کرنے کی کوشش کی گئی،اگر مجھے کچھ ہوا تو اس کے پیچھے ڈرٹی ہیری ہوگا،کہتے ہیں کہ مجھے کسی بیرونی ایجنسی سے خطرہ ہے
میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مجھے ڈرٹی ہیری اور اس کے ساتھیوں کے علاوہ کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے،مراد سعید کو بھی قتل کرانے کی کوشش کی جارہی ہے،میں نے کال دی ہے، سارے پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ آپ نے ہفتے کو شام ساڑھے پانچ بجے اپنے محلے میں، اپنے گاو¿ں میں ہر جگہ چیف جسٹس آف پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ایک گھنٹہ باہر نکلنا ہے
عمران خان نے کہا کہ اس وقت مافیا ہاتھ دھو کر چیف جسٹس کے پیچھے پڑا ہوا ہے،مافیا نے اس وقت سپریم کورٹ کو تقسیم کیا ہوا ہے، مافیا آئین کی دھجیاں اڑا رہا ہے،ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری نے تباہی مچا دی ہے۔
اس لیے مافیا الیکشن سے بھاگ رہا ہے، یہ الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں،حکومت میں بیٹھے ہوئے لوگ پاکستان کے آئین، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے خلاف جا رہے ہیں،ساری قوم سے کہتا ہوں کہ اپنے بچوں کا مستقبل بچانے کے لیے اور اس ملک کو بچانے کے لیے ہفتے کی شام ساڑھے پانچ بجے ایک گھنٹہ ضرور باہر نکلیں،ہم نے آپ نے چیف جسٹس کو بتانا ہے کہ ساری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔