پشاور: (یو این آئی نیوز ) پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار کی مسجد میں دھماکے میں 30 افراد شہید جبکہ 50 زخمی ہوگئے۔
پشاور کے قصہ خوانی بازار میں نمازِ جمعہ کے دوران دو حملہ آور جامع مسجد کے گیٹ پر آئے اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار موقع پر شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد جامع مسجد میں داخل ہوئے، جس کے بعد مسجد میں دھماکہ ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نے مسجد کے اندرخود کو دھماکے سے اڑایا، دھماکے کے نتیجے میں 30 نمازی شہید جبکہ 50 زخمی ہوگئے۔ دھماکے میں جامع مسجد کا پیش امام بھی شہید ہوا، واقعے کے بعد ریسکیو اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال ترجمان نے دھماکے میں ابت ک 30 افراد کی شہادت اور 50 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرلئے گئے۔ دھماکے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پشاور کے تین بڑے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ جبکہ سیکورٹی بھی ہائی الرٹ کر دی گئی۔