اسلام آباد( یو این آئی)حکومت نے صدارتی آرڈیننس سے نیب ایکٹ میں ترمیم کرکے چیئرمین نیب کے اختیارات میں اضافہ کردیا۔
قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے قومی احتساب بیورو ( نیب)ترمیمی آرڈیننس جاری کر دیا ہے ۔ انھوں نے رات گئے بطور صدر اس آرڈیننس کی منظوری دی۔
نیب قوانین میں ترامیم صدارتی آرڈیننس کے ذریعے عمل میں لائی گئی ہیں ۔آرڈیننس کے مطابق نیب قوانین کے تحت گرفتار ملزم کو 14کے بجائے 30 دن تک جسمانی ریمانڈ پر رکھا جا سکے گا۔چیئرمین نیب تفتیش میں عدم تعاون پرملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرسکیں گے ۔
قبل ازیں وفاقی کابینہ نے گذشتہ روز ہی اپنے اجلاس میں آرڈیننس کے زریعے مذکورہ ترامیم کی منظوری دی تھی۔کابینہ کی منظوری کے بعد اس آرڈیننس کو صدارتی دستخط کے لیے ایوان صدر بھجوایا گیا اور صادق سنجرانی نے بطور قائم مقام صدر اس آرڈیننس پر دستخط کر دیے ۔
یاد رہے کہ صدر مملکت عارف علوی ان دنوں بیرون ملک ہیں اور ان کی جگہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی قائم مقام صدر ہیں۔ یہ آرڈیننس فوری طور پر نافذ عمل ہو گا۔