اسلام آباد :-
سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب اور کے پی اسمبلی کے انتخابات 90دن میں کرانے کے فیصلے سے متوقع چیلنجزسے نمبردآزما ہونے کےلیے حکومتی اتحاد نے سر جوڑ لیے ، صورتحال کا مل کر مقابلہ کرنے پر اتفاق ، وزیر اعظم آفس سے گذشتہ روز جاری ہونے والے مختصر اعلامیے کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے علاوہ پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیر اعظم میان شہباز شریف سے وزیر اعظم ہاوس میں ملاقات کی ،
باوثوق ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کو درپیش اہم سیاسی ، انتظامی معاملات کے علاوہ پنجاب اور کے پی میں 90 روز میں انتخابات کرانے کے فیصلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، ذرائع کے مطابق اجلاس کا بنیادی مقصد عدالتی فیصلے کے اثرات پر غور کرنا اور اس سے درپیش چیلنجز کا جائزہ لینے کے علاوہ مستقبل کی حکمت عملی پر غور کرنا تھا ، ذرائع کے مطابق اس موقع پر ملک میں عام انتخابات کے حوالے سے دکھائی دیے جانے والے بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،
ذرائع نے بتایا کہ قائدین کا خیال تھا کہ ایسے وقت میں جب ملک میں مردم شماری کا عمل جاری ہے پنجاب اور کے پی میں الیکشن نئے بحران کو جنم دینے کا باعث ہوگا ، ذرائع کے مطابق ملاقات میں اس حوالے سے مشاورت کو مزید آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ۔جبکہ سوچ سمجھ کر مسائل کا حل تلاش کرنے اور ملک کو مزید کسی بڑے بحران سے بچانے کے لیے مشاورت سے ملکی مفاد میں فیصلے کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ اور فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کے حوالے سے دیگر سیاسی جماعتوں کو آن بورڈ لے کر ملک بھر میں ایک ہی دن قومی اور صؤبائی اسمبلیوں کے الیکشن کرانے پر مشاورت کی جائے گی .