اسلام آباد ( یو این آئی نیوز )وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا دفاع ریاست کی اولین ترجیح ہوتی ہے، ریاست کو آئین و قانون کے مطابق ایشوز کو حل کرنا ہوتا ہے، سول و ملٹری قیادت ایک پیج پر ہیں، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سول و ملٹری قیادت مل کر باہمی مشاورت سے فیصلے کرتی ہے، پاکستان وہ واحد ملک ہے جس نے عالمی سطح پر اسلامو فوبیا کا معاملہ بھرپور انداز میں پیش کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی معاملے پر دنیا کے سامنے کھڑی ہوتی ہے اور اپنی قوم کو ساتھ لے کر چلتی ہے، دنیا کے 60 مسلم ممالک میں سے کسی نے بھی اسلامو فوبیا کا معاملہ اس طریقہ سے نہیں اٹھایا جس طرح پاکستان نے اٹھایا، اس کے علاوہ ناموس رسالت ۖ کے معاملہ پر وزیراعظم عمران خان نے بھرپور انداز میں اپنا موقف دنیا کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ کرنا شکست نہیں ہے، ریاست کا کام قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ملک کے عوام کی زندگیاں محفوظ بنانا ہوتا ہے، عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کیا جائے گا، مکمل اتفاق رائے تھا کہ گولی نہیں چلانی اور اس معاملے کا مستقل حل نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی رٹ کو ماضی میں بھی کئی بار چیلنج کیا گیا، بغیر کسی وجہ کے پولیس اہلکاروں کی شہادت معمولی بات نہیں، ریاست کے سامنے کوئی بھی کھڑا نہیں ہو سکتا، ریاست کا کام تمام لوگوں کو ساتھ لیکر چلنا ہوتا ہے، حکومت اس طرح کے ایشوز کا مستقل حل چاہتی ہے، ہم اتفاق رائے سے سیکورٹی پالیسی تشکیل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر کسی بھی خراب صورتحال کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں، پاکستان نے خطے میں قیام امن کے حوالے سے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے، ہم دنیا کے سامنے بھارت کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔
