اسلام آباد …وزیراعظم عمران خان کا گذشتہ روز تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کو ٹیلی فون ۔وزیر اعظم نے 16-17 ستمبر 2021 کو دوشنبے کے حالیہ دورے کے دوران ا پنے اور اپنے وفد کی مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق
دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ دوشنبے میں ہونے والی بات چیت کی پیروی پر خیالات کا تبادلہ کیا۔
دوطرفہ تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باہمی کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے صدر رحمان کوافغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے اس تناظر میں قومی مفاہمت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔وزیر اعظم نے افغان عوام کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ افغانستان کو ضروری انسانی امداد فراہم کرنے میں عالمی برادری کے اہم کردار ادا کرے۔ وزیر اعظم نے معاشی بدحالی کو روکنے اور عام لوگوں کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے افغانستان کے ساتھ اقتصادی رابطوں کی فوری اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں امن اور استحکام کے لیے اپنی کوششوں کو مزید مربوط بنانے کے لیے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
