اسلام آباد (یو این آئی)اسلام آباد کی سیشن عدالت نے چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے جمع کروائی گئی گواہان کی فہرست کو مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل 11 بجے تک تک ملتوی کر دی ہے اور حتمی دلائل طلب کر لیے
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں ہوئی، سماعت ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے کی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن اور چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے خالد یوسف عدالت پیش ہوئے۔
عدالت نے عمران خان کے وکیل خالد یوسف کو تنبیہ کی تھی کہ گواہان کی لسٹ آج فراہم نہ کی گئی تو آپ کا حق ختم کر دیں گے جس کے بعد سماعت میں وقفہ کر دیا گیا تھا۔ سماعت کا وقفہ ختم ہوا تو عمران خان کی جانب سے 4 گواہان کی فہرست عدالت میں جمع کروا دی گئی جن میں ٹیکس کنسلٹنٹ محمد عثمان اور سینئر مینجر قدیر احمد شامل ہیں۔
عدالت نے عمران خان کی جانب سے جمع کروائی گئی گواہان کی فہرست کو مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ملزم کے وکلاءگواہان کو کیس سے متعلق ثابت کرنے میں ناکام رہے، اگل کل فریقین حتمی دلائل نہیں دیتے تو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا جائے گا۔