اسلام آباد(یو این آئی) کراچی میں پاک بحریہ کیلئے جہاز پی این ایس طارق کی لانچنگ تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے نائب صدر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پی این ایس طارق کو بحری بیڑے میں شامل کرنے کے لیے کراچی میں منعقدہ تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، ترکیے کے نائب صدر جودت یلماز، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور نیول چیف ایڈمرل امجد علی خان نیازی سمیت متعدد عسکری و سول شخصیات شریک ہوئے۔
نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ترکی کے نائب صدر، وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر مہمان گرامی کو پی این ایس طارق کی لانچنگ تقریب میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ آج کا دن پاکستان نیوی کے لیے تاریخی ثابت ہوگا، پی این ایس طارق پاکستان کے دفاع کے لیے کارگر ثابت ہوگا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پی این ایس طارق کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی این ایس طارق چوتھا بحری جہاز ہے جو پاکستان اور ترکیہ نے مل کر تیار کیا ہے، دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات سے منسلک ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا ہےکہ یہ اسٹریٹجک تعاون بڑھانے کا بہترین وقت ہے۔ دونوں ممالک ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے، سی پیک کامیابی اور ترقی کا راستہ ہے امید کرتے ہیں ترکیہ بھی اس سے مستفید ہو سکتا ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ 2010 میں بھی اور گزشتہ سال بھی ترکیہ نے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، سیلاب کے دوران ترکیہ نے کھل کر پاکستان کی مدد کی۔وزیر اعظم نے پاکستان نیوی کے جوانوں کے لیے 20 کروڑ روپے تحفے میں دینے کا اعلان بھی کیا۔
ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوتے جا رہے ہیں، سیلاب کے دوران جس طرح ترکیہ نے پاکستان کی مدد کی اسی طرح پاکستان نے زلزلے کے دوران ترکیہ کا بھرپور ساتھ دیا۔
جودت یلماز نے کہاکہ ترکیہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے، ترکیہ اور پاکستان کو سرحد پار سے دہشتگردی کا سامنا ہے، ہم ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں کیونکہ یہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے