کوئٹہ (یو ٰاین آئی نیوز):وزیراعظم شہباز شریف کا بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ ، سیلاب کی تباہ کاریوں اور متاثرہ عوام کی مشکلات کا جائزہ لیا ، عوامی شکایات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم نے سیلاب سے ،متا ثرہ علاقوں کا فضائی جائز ہ لیا اور نقصانات پر افسوس کا اظہا ر کیا .
وزیر اعظم نے متاثرہ عوام سے ملاقات بھی کی اور ان کے جانی و مالی نقصان پر ان سے اظہار ہمدردی کیا جبکہ عوام نے بروقت ریلیف نہ ملنے پر وزیر اعظم کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے ،جن پر وزیر اعظم نے وزیر اعلی بلوچستان کو ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی کرنےاور سول انتظامیہ سمیت دیگر اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کر نے کی ہدایات جاری کیں ،
وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کی ہدایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈی سی، تحصیلدار، اور پی ڈی ایم اے کے کیمپ انچارج کو معطل کر دیا اور خبردار بھی کیا کہ جس بھی کیمپ یا متاثرہ علاقے سے ریلیف نہ پہنچنے کی اطلاع ملی وہاں کے حکام خود کو معطل سمجھیں۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر متاثرین کی بحالی اور آبادکاری سمیت نقصانات کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے دیے جا رہے ہیں، 10 لاکھ روپے وفاقی حکومت اور 10 لاکھ روپے صوبائی حکومت دے رہی ہے، وفاق کی جانب سے دس لاکھ روپے فی الفور دیے جائیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا ہم صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر امداد اور بحالی کا کام کریں گے، مکمل تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کو 5 لاکھ روپے جبکہ جزوی طور پر تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کے لیے 2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ۔